حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آج کے دور میں نئی نسل ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے وسیع ماحول میں زندگی گزار رہی ہے۔ ایسے میں والدین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی بہتر رہنمائی کے لیے اس دنیا کے بارے میں اپنی معلومات میں اضافہ کریں اور بچوں کو سرزنش کرنے کے بجائے ان کی سرگرمیوں کو سمجھنے کی کوشش کریں۔
والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں سے یہ کہنے کے بجائے کہ تم اس ماحول میں کیوں رہتے ہو یا یہ تمہارے لیے مناسب نہیں، ان سے نرمی کے ساتھ دریافت کریں کہ وہ آن لائن دنیا میں کیا کرتے ہیں اور اس کا مقصد کیا ہے۔ بچوں کے جواب کو سمجھنے کے بعد والدین انہیں ڈیجیٹل دنیا کے بہتر اور ذمہ دارانہ استعمال کی طرف رہنمائی کر سکتے ہیں۔
اس سلسلے میں والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں سے محبت اور نرمی کے ساتھ گفتگو کریں، آن لائن اور ڈیجیٹل دنیا کے بارے میں معلومات حاصل کریں اور اپنی سوچ کو نئی نسل کے حالات اور ضروریات کے مطابق ڈھالیں۔ انہیں یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ آج کے بچے بھی بالکل اسی ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں جس میں ان کے والدین نے پرورش پائی تھی۔
والدین اگر چاہتے ہیں کہ بچے ان کے ساتھ محبت اور اپنائیت کا تعلق برقرار رکھیں تو انہیں سرزنش اور سختی کے بجائے رہنمائی اور تعاون کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ بچوں کو یہ سمجھانا بھی ضروری ہے کہ وہ اپنی حفاظت کا خیال رکھیں اور ذاتی معلومات سوچے سمجھے بغیر آن لائن شیئر نہ کریں۔
اس طرح والدین کو چاہیے کہ وہ ڈیجیٹل دنیا میں اپنے بچوں پر محض نظر رکھنے اور انہیں کنٹرول کرنے کے بجائے ان کے مددگار اور قابلِ اعتماد ساتھی بنیں، تاکہ بچے اس ماحول میں زیادہ شعور اور ذمہ داری کے ساتھ اپنی سرگرمیاں انجام دے سکیں۔










آپ کا تبصرہ